
(لاہور نیوز) مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ عید کے بعد وزیراعظم اے پی سی بلائیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے سے انسداد دہشتگردی کی عدالتیں موجود ہیں، نواز شریف کے دور میں آپریشنز ہوئے اور ہم نے دہشتگردی سے جان چھڑائی، فوجی عدالتوں سے متعلق آئینی ترمیم کی بات قبل ازوقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد وزیر اعظم اے پی سی بلائیں گے، دہشتگردی سے متعلق ساری سیاسی قیادت کا بیٹھنا ضروری ہے، ویڈیولنک کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو اے پی سی میں لایا جا سکتا ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی زیادتیاں نہیں ہو رہیں۔
مشیر برائے قانون و انصاف کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں جو کچھ نکل رہا ہے اس کا تعلق اڈیالہ سے جڑ رہا ہے، کسی کی خواہش پر بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نہیں نکالا جائے گا، خواہشیں تو بہت ہیں لیکن ہر خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔
بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ امید ہے مولانا فضل الرحمان قومی مفاد کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ریاست کیخلاف مہم ڈیجیٹل دہشتگردی ہے۔