نوشکی میں ایف سی قافلے پر حملہ خود کش، 3 نوجوان، 2 شہری شہید ہوئے: آئی ایس پی آر

(لاہور نیوز) بلوچستان میں نوشکی دالبندین شاہراہ پر سکیورٹی فورسز کے قافلے پر کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خودکش حملے میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ ہوا اور گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑایا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کے 3 جوان اور 2 شہری شہید ہو گئے جبکہ 3 جوان اور 2 معصوم شہری زخمی ہوئے، شہدا میں حوالدار منظور علی، حوالدار علی بلاول، نائیک عبدالرحیم، سویلین ڈرائیور جلال الدین اور محمد نعیم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا اور بزدلانہ عمل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں اور شہریوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب ایم ایس میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔