
(ویب ڈیسک) سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم مشکل کے اندر آچکی ہے، تاہم انہوں نے نوجوان کرکٹرز سلمان علی آغا اور صائم ایوب کو پاکستان کا اثاثہ قرار دیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شرمناک شکست اور مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ آج اگر سب سے ویلیو ایبل پلیئر کی زون میں کوئی آرہا ہے تو وہ سلمان علی آغا اور صائم ایوب آئیں گے لیکن جب ہم ان پلیئرز کو لے کر آئے تو لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ یہ کیا کیا جارہا ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ جب میں نے بطور ڈائریکٹر پاکستان ٹیم کو دوماہ کے لیے جوائن کیا تو سمجھا جاتا تھا کہ پاکستان کی بینچ سٹرینتھ ریڈی نہیں ہے، ہم نے آسٹریلیا کے ٹور میں خرم شہزاد، میر حمزہ اور صائم ایوب جیسے لڑکوں کو موقع دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم مشکل کے اندر آچکی ہے جس کے ذمہ دار پلیئر بھی ہیں اور مینجمنٹ بھی ہے کیونکہ مینجمنٹ نے غلط فیصلے کیے محسن نقوی کو بطور چیئرمین آئے ڈیڑھ سال ہوچکا ہے، انہوں نے اپنی مرضی کے فیصلے کیے۔
محسن نقوی نے اپنی مرضی کی چار سے پانچ مینجمنٹ بدل دیں، اپنے مرضی کے کپتان لائے گئے، اپنی مرضی کی سلیکشن کمیٹی لاگئی گئی، اپنی مرضی اور اپنی اپروول کے ساتھ سارے فیصلے کیے گئے جو کہ بیک فائر کرگئے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ یہ ان کو ذمہ داری لینی پڑے گی کہ ہاں میں بہت بہتر ایڈمنسٹریٹر ہوں، ڈیڑھ سال میں وہ ایسے فیصلے نہیں لے سکے۔