
(ویب ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
بھارت نے 242 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 42.3 اوورز میں حاصل کر لیا، بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 100 سکور کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
قبل ازیں دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.4 اوورز میں پوری ٹیم 241 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور امام الحق نے کھیل کا آغاز کیا لیکن آج بھی بابر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 26 گیندوں پر محض 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی دوسری وکٹ 47 رنز پر گری جب امام الحق رن آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ پر محمد رضوان اور سعود شکیل نے 103 رنز کی شراکت قائم کی، محمد رضوان 46 اور سعود شکیل 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، طیب طاہر صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 200 کے مجموعی سکور پر گری جب سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے جبکہ اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی سکور بنائے چلتے بنے، نسیم شاہ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حارث رؤف 8 سکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ خوشدل شاہ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2، رویندرا جڈیجا، ہرشیت رانا اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔