(لاہور نیوز) گراں فروشی نے عوام پر مہنگائی کا دوہرا بوجھ مسلط کر دیا، مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹوں پر عمل درآمد خواب ہو گیا۔
پرچون بازاروں میں اشیاء کے من مانے دام مانگے جانے لگے، منافع خور مافیا بے لگام ہے، سبزی منڈیوں ، گلی محلوں اور پوش علاقوں میں گراں فروشی عروج پر ہے، کچھ بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دستیاب نہیں۔
4 سبزیوں کی سرکاری قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا، پرچون میں لہسن چائنہ 720 ، ٹماٹر 80، ادرک تھائی 500 روپے فی کلو ہے، پیاز اور کھیرا 100، میتھی 70 ، شملہ مرچ 120 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
سرکاری ریٹ لسٹ میں 4 پھل بھی مزید مہنگے ہو گئے، سیب درجہ اول 400 ، امرود 250 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں، پپیتا 400 جبکہ کھجور ایرانی 580 روپے فی کلو مل رہی ہے۔
دوسری جانب برائلر گوشت کی فی کلو سرکاری قیمت 7 روپے کمی سے 555 روپے مقرر کی گئی جبکہ مارکیٹ میں صافی برائلر گوشت 620 روپے فی کلو مل رہا ہے، فارمی انڈے 233 روپے کے بجائے 250 روپے فی درجن فروخت کئے جا رہے ہیں۔
