(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی سکواڈ میں شمولیت کے حوالے سے رواں ہفتے فیصلہ کرلیا جائے گا۔
جنوبی افریقہ میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ میں شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب دایاں ٹخنہ مڑ جانے کے سبب انجری کا شکار ہوئے تھے۔
جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے اختتام کے بعد صائم ایوب علاج کیلئے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے تھے، جہاں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر انگلینڈ کے ماہر سپورٹس آرتھو ڈاکٹرز ان کا چیک اَپ کررہے ہیں۔
گزشتہ دنوں لندن کے ماہر آرتھوپیڈک سرجنز ڈاکٹر ڈیوڈ ریڈ فرن اور ڈاکٹر لکی جیاسیلن نے صائم ایوب کی انجری کا جائزہ لیا جبکہ ابتدائی تشخیص کے مطابق ٹخنے کو نقصان نہیں پہنچا اور صورتحال نارمل بتائی گئی۔
پاکستان میں شیڈولڈ چیمپئنز ٹرافی کیلئے گرین شرٹس کے سکواڈ میں صائم ایوب کی دستیابی کے حوالے سے رواں ہفتے فیصلہ کرلیا جائے گا جس کے بعد میگا ایونٹ کیلئے قومی ٹیم کے اعلان کا فیصلہ ہوگا۔
قبل ازیں ڈاکٹرز نے صائم ایوب کو 6 ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ بھی دیا جبکہ مزید ڈاکٹرز کا ایک پینل رپورٹس، ایکسرے سمیت دیگر صورت حال دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔
اس صورت میں صائم ایوب کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ انکی عدم موجودگی میں جارح مزاج اوپنر فخر زمان کی واپسی اور امام الحق کیلئے راہ ہموار ہوگئی ہے۔