(لاہور نیوز) شدید دھند کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن ، موٹر وے ایم 3 لاہور سے رجانہ اور لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
سید عمران احمد نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں، ڈرائیور حضرات آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کریں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹروے نے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں جبکہ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں، دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک شہر میں دھند کی شدت برقرار رہے گی تاہم 11 جنوری کو شہر میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔