(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کسی ایگزیکٹو آرڈر کے تحت رہائی نہیں لیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ فیصلہ ملتوی ہوتا ہے یا نہیں کل پتہ چلے گا، اگر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ملتوی ہوتا ہے تو اچھا شگون ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عمرن خان نے گھر میں نظر بندی سےمتعلق آفر بارے بتایا تھا، آفر اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے آئی تھی، یہ آفر بیرسٹر گوہر کے ذریعے پہنچائی گئی تھی۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جو میں نے بات کی تھی وہ بانی پی ٹی آئی نے خود کی تھی، میں نے بیان دینے کا استحقاق سلمان اکرم راجہ سے مانگا ہی نہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ایگزیکٹوآرڈر کوئی ایسا قانون نہیں جس کے تحت حکومت بانی کو رہا کرے، بانی پی ٹی آئی کسی ایگزیکٹوآرڈر کے تحت رہائی نہیں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریری مطالبات سے متعلق بیانات حکومت کا سیاسی ہدف ہے، حکومت چاہتی ہےکہ وہ بتائے کہ ہم نے مینڈیٹ مان لیا، عمران خان نے 31 جنوری کو مذاکرات مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے، یہ ڈیڈ لائن اپنی رہائی سےمتعلق نہیں دی۔
آخر میں رہنما تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ سوا دو ماہ کے اندر عمران خان کی رہائی ہو جائےگی۔