(لاہورنیوز) ماڈل و اداکارہ میرب علی نے کہا ہے کہ وہ یک طرفہ محبت پر یقین رکھتی ہیں نہ کبھی انہیں ایسی محبت ہوئی ہے البتہ جب کوئی دو افراد دو طرفہ محبت میں مبتلا ہوجائیں تو انہیں فوراً شادی کرلینی چاہیے۔
میرب علی حال ہی میں دنیا نیوز کے پروگرام ’مذاق رات‘ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنے گھر میں جنات کی موجودگی سے متعلق جو ویڈیو بنائی تھی وہ حقیقی تھی، ان کے گھر میں واقعی جنات یا نظر نہ آنے والی مخلوقات کا سایہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہو گئی اور اب ان کا وہ گھر فروخت نہیں ہو رہا، کوئی ان کے گھر کو خریدنے کے لیے تیار ہی نہیں لیکن انہوں نے جو باتیں کیں وہ سچی تھیں۔ایک سوال کے جواب میں میرب علی نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں گلوکار سجاد علی کے گانے میں ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن میں انہیں ٹائیفائیڈ ہو گیا تھا وہ جس لیڈی ڈاکٹر سے صبح و شام ڈرپس لگواتی تھیں انہوں نے انہیں سجاد علی کے گانے کی ویڈیو کے لیے آڈیشن دینے کا کہا اور انہیں وہاں ویڈیو بنا کر بھیجنے کی ہدایت کی۔