پاکستان ٹیکس بار کا اِن لینڈ ریونیو کی ڈویژنل بنچز کے متضاد فیصلوں پر تحفظات کا اظہار
(لاہورنیوز) پاکستان ٹیکس بار نے اِن لینڈ ریونیو کی ڈویژنل بنچز کے متضاد فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
پاکستان ٹیکس بارایسوسی ایشن نے چیئرمین اپیلٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو کو خط لکھ دیا، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سے حاصل کردہ آمدن پر ٹیکس وصولی کے ڈویژنل بنجز فیصلے متنازع ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور رجسٹری ڈویژنل بینچ نے متحدہ عرب امارات کی جائیداد پر ٹیکس کو پاکستان میں قبول نہ کرنے کا فیصلہ دیا، اسلام آباد رجسٹری ڈویژنل بنچ نے متحدہ عرب امارات میں موجود جائیداد پر ٹیکس قبول کرنے کا فیصلہ دیا۔
پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے خط میں لکھا کہ لاہور رجسٹری نے ایک اور کیس میں برطانیہ اور یو اے ای کی جائیداد پر ٹیکس کو پاکستان میں قبول نہ کرنےکا فیصلہ دیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ ڈویژنل بنچز کے متضاد فیصلے پاکستان کے ٹیکس نظام میں قانونی ابہام پیدا کر رہے ہیں۔پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے عالمی جائیدادوں کے ٹیکس معاملے پر رولز 2023 کے تحت لارجر بنچ کی تشکیل کا مطالبہ کر دیا۔