بانی پی ٹی آئی کو پیشکش کوئی نہیں بھجوا رہا، سیاسی بیان دے رہے ہیں: رانا ثنا اللہ
(لاہور نیوز) مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پیشکش کوئی بھی نہیں بھجوا رہا، میرا خیال ہے وہ سیاسی بیان دے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیرا عظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج ہمیں توقع تھی پی ٹی آئی ارکان مطالبات لے کر آئیں گے، پی ٹی آئی ارکان نے کہا بانی سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں، بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکومت کے پاس اختیار ہی نہیں، وہ عدالتوں سے ہی رہا ہو سکتے ہیں، آج مذاکرات کے دوران سب نے بڑی مثبت بات کی، علی امین گنڈا پور نے سب سے زیادہ مثبت باتیں کیں، میرا نہیں خیال 9 مئی کے مجرموں کی معافی کا مذاکرات سے کوئی تعلق ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مجرموں نے تحریری طور پر آرمی چیف سے معافی مانگی، یہ فوج کی طرف سے ایک "گڈ جیسچر" ہے، جب مجرم معافی کی درخواست کرتا ہے تو بڑی سے بڑی سزا بھی معاف کی جا سکتی ہے۔
مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی تصویر پر پابندی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ہم کسی پریشر کے طور پر مذاکرات نہیں کر رہے، جمہوری سسٹم میں مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حل ہوں گے، مذاکرات کا موقف ہمارا پہلے دن سے ہے۔