(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں جعلی و بوگَس اسلحہ لائسنس ڈیلرز محکمہ داخلہ کے ریڈار پر آگئے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے 19 بوگَس اسلحہ ڈیلرز و مرمت کرنے والوں کی نشاندہی کر کے پابندی عائد کردی ، جعلی اسلحہ ڈیلرز و مرمت کرنے والوں کیخلاف پنجاب آرمز آرڈیننس 1965کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے غیر قانونی و جعلی اسلحہ ڈیلرز و مرمت کرنے والوں کے نام و ایڈریس جاری کر دیے۔
جعلی اسلحہ ڈیلرز میں نیشنل رائفلز کمپنی جوہر ٹاؤن ، ایم ایس موکل آرمز کمپنی بیگم کوٹ شاہدرہ ، انگلش آرمز کمپنی نیلا گنبد ، آؤٹ ڈور سپورٹس آرمز اینڈ ایمونیشن ڈیلر مزنگ چونگی ، محمد اختر پراپرٹی پاک آرمز سٹور شاہدرہ ، اختر برادرز آرمز اینڈ ایمونیشن مناواں شامل ہیں۔
امین برادرز آرمز اینڈ ایمونیشن راوی روڈ ، ایلے برادرز اینڈ کمپنی میکلوڈ روڈ ، ایم ایس شہباز محی الدین آرمز اینڈ ایمونیشن نیلا گنبد ، اومیگا انٹرپرائزز اینڈ کمپنی مین بلیوارڈ گلبرگ ، محمد ضیاء المصطفیٰ آرمز اینڈ ایمونیشن گجرات، الیاس اینڈ کمپنی بھمبر روڈ گجرات کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔
جعلی اسلحہ مرمت کنندگان میں اے اے آرمز ریپئرنگ ورکشاپ مین بلیوارڈ گلبرگ ، انگلش آرمز کمپنی نیلا گنبد ، امین علی ظفر لوئر مال ، قاسم آرمز اینڈ ایمونیشن ڈیلرز ریپئرنگ ورکشاپ جی ٹی روڈ شاہدرہ شامل ہیں۔
اسی طرح آؤٹ ڈور سپورٹس آرمز اینڈ ایمونیشن ڈیلر مزنگ چونگی ، ایلے برادرز اینڈ کمپنی آرمز ریپئرنگ ورکشاپ میکلوڈ روڈ ، محمد سفیان ریپئرنگ ورکشاپ شرقپور روڈ شیخوپورہ بھی جعلی اسلحہ مرمت کنندگان میں شامل ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ان افراد کیساتھ اسلحے کا لین دین غیر قانونی ہوگا اور ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی، بوگَس لائسنس پر اسلحے کی فروخت اور مرمت کرنے کے سنگین جرم میں ملوث افراد قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بوگَس اسلحہ لائسنس اور جعلی ڈیلرز کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب صوبہ بھر کے اسلحہ ڈیلرز و مرمت کنندگان کے دستاویزات کی جانچ کر رہا ہے۔