(لاہور نیوز) ادارہ شماریات کی جانب سے ملک بھر میں ساتویں زراعت شماری کا افتتاح کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے لاہور شہر میں ساتویں زراعت شماری کا افتتاح کیا، پاکستان کی ساتویں زراعت شماری ‘‘integrated digital count’’ کے فیلڈ آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے، ساتویں زراعت شماری 10 فروری 2025 تک جاری رہے گی۔
ڈی سی لاہور کا کہنا ہے ملکی تاریخ میں یہ زراعت شماری اپنی نوعیت کا پہلا "integrated Digital count" ہے، فیلڈ آپریشن میں بشمول بڑے زمیندار اور بڑے مال مویشی رکھنے والے بھی اس زراعت شماری میں مکمل طور پر شمار ہیں، ابتدائی طور پر 311 ماسٹر ٹرینرز کو اسلام آباد اور دوسرے مرحلے میں ضلعی سطح پر 6500 زراعت شماری کے علاوہ 1368 سپروائزر کو ٹریننگ دی گئی ہے، زراعت شماری کا بنیادی مقصد زراعت کے شعبے میں پالیسی سازی کے لئے اعدادوشمار کو اکٹھا کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا پاکستان غذائی قلت میں پوری دنیا کے 127 ممالک میں سے 109 نمبر پر ہے، غذائی قلت کی صورت حال کو بہتر بنانے میں زراعت شماری معاون ثابت ہو گی، ساتویں زراعت شماری کی کامیابی کا دارومدار شمار کنندگان پر ہے، شمار کنندگان پوری دلجمعی اور خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کریں۔