(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں سردی کی شدت میں اضافے سے لکڑی اور کوئلے کی ڈیمانڈ بڑھ گئی۔
لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ کے بعد جہاں ایک طرف شہریوں کو گیس کی بندش کا سامنا ہے تو دوسری طرف ایندھن کے متبادل ذرائع بھی پہنچ سے باہر ہو گئے۔
شہر میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت بڑھ گئی جس سے لکڑی اور کوئلے کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہو گیا، مانگ بڑھتے ہی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔
پچھلے سال کی نسبت اس سال کوئلے کی قیمت میں 30 فیصد تک کا اضافہ ہوا، مارکیٹ میں کوئلہ 150 سے 160 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے، لکڑی کی 1500 سے 1600 روپے من تک فروخت ہو رہی ہے، پچھلے سال فی من لکڑی کی قیمت 1300 روپے تھی۔
دکان داروں کا کہنا ہے کہ پچھلے سال کوئلہ 90 سے 95 روپے فی کلو تھا مگر اس سال قیمت میں اضافہ ہونے سے لکڑی اور کوئلہ مہنگا ہو گیا ہے۔
ایندھن کے متبادل ذرائع مہنگے ہونے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔