(لاہور نیوز) تحریکِ پاکستان کے سرگرم کارکن اور ماہرِاقتصادیات سرتاج عزیز کی آج پہلی برسی ہے۔
اِقتصادیات کے ماہر منصوبہ ساز، مجاہد پاکستان سرتاج عزیز 7 فروری 1929ء کو خیبرپختونخوا میں پیدا ہوئے، پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات اور ہاورڈ کینیڈی سکول امریکا سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے1984ء میں جونیجو کابینہ میں وزیرمملکت برائے خوراک و زراعت کے طور پر خدمات انجام دیں، 1988ء اور 1993ء میں سینیٹر منتخب ہوئے، نواز کابینہ میں وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ کی اہم ذمہ داری بھی نبھائیں، وزیر خزانہ کے طور پر اپنے دور میں وہ اقتصادی لبرلائزیشن کے مضبوط حامی مانے جاتے تھے۔
سرتاج عزیز نے 2004ء میں مقامی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا عہدہ قبول کیا اور معاشیات کی تعلیم بھی دیتے رہے، انکی تصنیف کردہ کتاب ‘‘خوابوں اورحقیقتوں کے درمیان‘‘2009ء میں شائع ہوئی، وہ نواز شریف کے تیسرے دور میں خارجہ پالیسی کے انچارج اور قومی سلامتی کے مشیر مقرر ہوئے، مارچ 1946ء میں قائداعظم کے ہاتھوں سے انعام حاصل کرنے کا شرف بھی ملا۔
2 جنوری 2024ء میں 94 سال کی عمر میں سرتاج عزیز نے دنیائے فانی کو ہمیشہ کیلئے خیر باد کہہ دیا۔