(لاہور نیوز) وزارت مذہبی امور نے اداروں سے حج لیبر کوٹہ پر کم آمدنی والے ملازمین کی نامزدگیاں طلب کر لیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج پالیسی 2025 کے مطابق لیبر کوٹہ کے لیے 300 نشستیں مخصوص ہیں، پبلک، کارپوریٹ سیکٹر کے سکیل 1 تا 9 کے مساوی ملازمین، مزدور، صنعتی کارکن اور کان کن لیبر کوٹہ کے اہل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی ذمہ داری کے تحت لیبر کوٹہ کے حج اخراجات متعلقہ ادارہ برداشت کرے گا، کارپوریٹ اداروں کا ای او بی آئی ، ورکرز ویلفیئر فنڈ سے رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، خواہشمند ادارے ورکرز ویلفیئر فنڈ کو 15 جنوری تک درخواستیں جمع کروائیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزارتوں سے منسلک اداروں کی نامزدگیاں متعلقہ وزارت کے ذریعے مذہبی امور کو 15 جنوری تک بھجوائی جائیں، درخواستیں زیادہ موصول ہونے کی صورت میں 300 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی۔