31 Dec 2024
(لاہور نیوز) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی، بالائی علاقوں میں سفید موتیوں کی برسات ہوئی، ہر طرف حسین مناظر نظر آنے لگے۔
گزشتہ روز سے سکردو میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے چلا گیا، برفباری کے باعث استور کے علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا، وادی نیلم میں برفباری کے بعد سیاحوں کی آمد شروع ہو گئی۔
آزاد کشمیر کے علاقے وادی لیپا میں خون جما دینے والی سردی سے نظام زندگی متاثر ہو گیا، بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، لہہ میں درجہ حرارت منفی 13 کو چھو گیا، گوپس منفی 10، سکردو میں پارا منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔
گلگت منفی 7، استور اور ہنزہ میں پارا منفی 6 تک گر گیا، کالام اور قلات میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔