پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، مریم نواز شریف
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعاون کو مزید بلندی پر پہنچانے کے لئے پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات کے دوران معاشی تعاون اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے دعوت دی، انہوں نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی مراعات اور سازگار ماحول کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو سراہا، یو اے ای کے سفیر نے وزیراعلیٰ کو کامیاب دورہ چین پر مبارک باد پیش کی اور جاری ترقیاتی منصوبوں، موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات پر تعریف بھی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں یو اے ای کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور یو اے ای علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لئے یکساں سوچ رکھتے ہیں، پنجاب زراعت، ٹیکنالوجی، گرین انرجی اور دیگر شعبوں میں یو اے ای کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے کہا ترقی یافتہ پاکستان یو اے ای کی خواہش ہے، اس سفر میں حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان میں مزید پراجیکٹس پر کام کرنا چاہتے ہیں، حکومت پنجاب کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے دیرپا ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔