پنجاب حکومت کا کے پی اور بلوچستان کے بارڈر ایریا پر سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ
(لاہور نیوز) پنجاب میں بڑھتی ہوئی سمگلنگ اور دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظر صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بارڈر ایریا پر سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویز کے مطابق اس حوالے سے پنجاب بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز سروسز رولز میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابتدائی مرحلے میں سکیورٹی کی بہتری کیلئے 50 فیصد خالی آسامیوں پر بھرتیاں ہوں گی، بھرتیوں کی حد عمر میں 5 سال کا اضافہ کیا گیا ہے۔
جاری دستاویز میں کہا گیا کہ 50 کروڑ کی لاگت سے ٹرائی بارڈر ایریا کیلئے لاجسٹک، گاڑیاں اور اسلحہ خریدا جائے گا، اس کے علاوہ چیک پوسٹس کی اپ گریڈیشن پر 52 کروڑ 71 لاکھ کے اخراجات کئے جا رہے ہیں۔
جوائنٹ چیک پوسٹ پر بارڈر ملٹری پولیس، بلوچ لیویز اور کسٹمز کی ٹیمیں دہشتگردی اور سمگلنگ کو روکیں گی۔
دستاویز کے مطابق بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کی ڈی جی خان اور راجن پور میں آخری بار 1998 میں بھرتیاں کی گئی تھیں۔