(لاہور نیوز) پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ اللہ کرے 2025 پاکستان کیلئے خوشی کا سال ہو، فرشتے نہیں آئیں گے، نئے سال کا آغاز بہتر کیا جائے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا مذاکرات صرف پی ٹی آئی کی ضرورت نہیں، مذاکرات کے ذریعے ہی ملک آگے بڑھے گا، عطا تارڑ کے منہ سے کبھی پازیٹو بات نہیں سنی، خواجہ آصف بھی تنقید کرتے رہتے ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ خواجہ آصف نے سپیکر قومی اسمبلی کو بھی نشانہ بنایا، خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ کی بڑی مثبت تجاویز ہیں، نوازشریف، بانی پی ٹی آئی، آصف زرداری کو آپس میں بیٹھنا ہو گا، مذاکرات پر پوری قوم کی نظریں لگی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایاز صادق نے کہا کہ کچھ لوگ ہماری ٹانگیں کھینچ سکتے ہیں، مینڈیٹ کی چوری سے دستبرداری سے جمہوری قوتوں کو نقصان ہو گا، ڈی چوک نہ جانے پر بانی کی رہائی کی آفر ہوئی تھی، بانی کو جیل میں رکھنے سے پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کو نقصان ہوا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر حکومتی وزرا نے بیانات دینے ہیں تو پھر کمیٹی کیوں بنائی؟ خواجہ آصف کو سوال نواز شریف سے کرنا چاہئے، نواز شریف دیکھیں کہ مذاکرات کا کون مذاق بنا رہے ہیں، حکومت 8 فروری کا آڈٹ کرے ہم سب مطالبوں کو چھوڑتے ہیں۔