(لاہورنیوز) جنوبی افریقا نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اتوار کو سینچورین میں پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دینے کے بعد جنوبی افریقا 25-2023 سائیکل کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔آج کی فتح نے اس سائیکل میں 11 گیمز سے پروٹیز کو 88 پوائنٹس تک پہنچا دیا، جس سے ان کے پوائنٹس فیصد (PCT) بڑھ کر آسٹریلیا (58.89) اور بھارت (55.89) سے آگے 66.67 ہو گئے۔
اگلے سال 11 سے 15 جون کے درمیان لارڈز میں منعقد ہونے والے فائنل کے لیے جنوبی افریقا نے ٹکٹ بک کروا لیا ہے جب کہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ بھارت اور آسٹریلیا کے مابین جاری میلبرن ٹیسٹ میں ہو گا جس میں جیتنے والی ٹیم جنوبی افریقا سے مقابلہ کرے گی۔جنوبی افریقہ کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 مہم کا آغاز اس سال فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف 0-2 سے شکست کھانے سے قبل بھارت کے خلاف 1-1 کی ہوم سیریز ڈرا کے ساتھ ہوا۔
ٹیمبا باووما کی ٹیم نے اس مہینے کے شروع میں سری لنکا کو 2-0 سے شکست دینے سے پہلے ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش میں لگاتار سیریز جیتیں۔جنوبی افریقا سے سینچورین ٹیسٹ میں شکست 11 میچوں کے اس سائیکل میں پاکستان کی ساتویں شکست تھی جس نے اسے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سٹینڈنگ میں بنگلا دیش سے نیچے آٹھویں نمبر پر دھکیل دیا۔پاکستان اور ساؤتھ افریقا کی ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔