غزہ کی صورتحال انتہائی خراب، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا: حافظ نعیم الرحمان
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، غزہ کے مسلمانوں کو کیمپوں میں سردی کیوجہ سے مشکالات کا سامنا ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیلی دہشت گردی کو سپورٹ کر رہا ہے، دوسری طرف مسلم ممالک کی بے حسی ہے، حماس کے مجاہد جہاد کر رہے ہیں، حماس کی حمایت پوری امت پر فرض ہے، امریکی غلامی سے ہمیں کبھی بھی کامیابی نہیں ملے گی، اس کھلی دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والا امریکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حماس ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، حماس کو دہشت گرد کہنے والا امریکا خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے، نیتن یاہو کھل کر کہہ رہا ہے کہ گریٹر اسرائیل چاہتے ہیں، امریکا نے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا، پاکستان کی کمپنیوں پرپابندی لگانا امریکا کی کھلی منافقت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت حماس کو تسلیم کرے اور حماس کا آفس پاکستان میں قائم کیا جائے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کی مدد کرے، ہمارے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کیسے سیاسی لوگ ایک طرف غلامی سے نجات، دوسری طرف امریکا سے مدد بھی مانگتے ہیں، پاکستان میں مذاکرات کے حامی ہیں، مجھے پی ٹی آئی سے شکوہ اس بات پر ہے کہ اس نے ہماری اے پی سی میں آنے سے انکار کیا، جیل سے بانی پی ٹی آئی حماس کی حمایت کا اعلان کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سامراجی طبقے نے ہماری معیشت کو خراب کیا، اگر فیض حمید کیخلاف کارروائی ہو رہی ہے تو باجوہ کے خلاف کب ہو گی؟