’لگا تھا کیریئر ختم ہوگیا‘ماہرہ خان نے رنبیر کپور کے ساتھ وائرل تصاویر پرخاموش توڑ دی
(ویب ڈیسک) پاکستان کی سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان نے بولی ووڈ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ اپنی سگریٹ نوشی اور مختصر لباس میں تصاویر وائرل ہونے کے سات سال بعد خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس وقت ایسا لگا تھا کہ اب ان کا کیریئر ختم ہو چکا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان اور رنبیر کپور کی سگریٹ نوشی کرنے کی تصاویر ستمبر 2017 میں پاکستانی اور بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
تصاویراورمختصر ویڈیو کلپس میں اداکارہ کو سفید رنگ کے مختصر لباس میں دیکھا گیا تھا، ساتھ ہی وہ رنبیر کپور کے ہمراہ سگریٹ نوشی بھی کرتی دکھائی دی تھیں۔
مذکورہ تصاویر کے بعد ماہرہ خان اور رنبیر کپور کے درمیان رومانوی تعلقات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، جس پر اداکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے ایسے دعووں کو اس وقت بے بنیاد قرار دیا تھا۔
اب واقعہ کے سات سال بعد انہوں نے رنبیر کپور کا نام لیے بغیر مذکورہ تصاویر پر بات کی اور بتایا کہ کس طرح وہ ذہنی پریشانیوں کا شکار ہوئی تھیں اور کیسے وہ کئی کئی راتوں تک تنہائی میں روتی رہیں۔
ماہرہ خان نے حالیہ انٹرویو میں ذہنی مسائل اور ذہنی صحت پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں جب ان کی ذاتی تصاویر لیک ہونے کے بعد وائرل ہوئیں، تب وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے اور وہ ہونے والے معاملات پر کیا بات کریں۔
اداکارہ کے مطابق ان ہی دنوں میں اس پر ’لٹل وائٹ ڈریس‘ نامی مضمون لکھا گیا، جس میں خاتون صحافی نے ان کی ذاتی زندگی پر پڑنے والے اثرات کا ذکر کرنے سمیت لوگوں کی ذہنیت پر بھی بات کی تھی اور انہیں مذکورہ مضمون پڑھ کر کچھ حوصلہ بھی ملا، ساتھ ہی انہیں پریشانی بھی ہوئی۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ مضمون میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ جیسی شہرت کم وقت میں کسی کو نہیں ملی لیکن اب ایک تصویر وائرل ہونے سے لگتا ہے کہ سب کچھ ختم ہوگیا۔
اداکارہ کے مطابق انہیں مضمون پڑھنے اور لوگوں کے رویوں اور تبصروں کے بعد ایسا لگا کہ واقعی ان کا کیریئر ختم ہوچکا ہے لیکن پھر آہستہ آہستہ مختلف فلاحی ادارے اور برانڈز ان کی مدد کے لیے آگے آئے تو انہیں حوصلہ ملا۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ جب برانڈز اور فلاحی اداروں نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، تب انہیں حوصلہ ملا اور انہیں ذہنی مسائل کا سامنا کرنے کی ہمت ملی۔
اداکارہ نے کہا کہ پہلے انہیں ایسا لگ رہا تھا کہ اب برانڈز بھی ان کے ساتھ کام نہیں کریں گے جب کہ انہوں نے ذاتی زندگی، بیٹے اور اہلخانہ کی عزت اور حفاظت کی خاطر اس وقت خاموشی کو ترجیح دی۔
ماہرہ خان کے مطابق برانڈز اور اداروں کی مدد سے وہ مشکل وقت سے نکلیں اور وہ خدا کی شکر گزار ہیں کہ جتنی شہرت انہیں ملی، اتنے زیادہ دکھ انہیں نہیں ملے۔
ماہرہ خان نے رنبیر کپور کا نام لیے بغیر سگریٹ نوشی اور وائرل تصاویر کو اپنی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب زندگی اور کیریئر کا حصہ ہیں، ہر انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر وہ شوبز کا حصہ نہیں ہوتیں اور اگر کسی دوسرے شعبے میں کام کر رہی ہوتیں تب بھی ان کے ساتھ مشکلات پیش آتیں لیکن شاید انہیں دوسرے شعبوں میں اتنی محبت اور لوگوں کا ساتھ نہ مل پاتا۔