(ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کے تنازع پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی بورڈ کے درمیان معاملات تاحال ڈیڈ لاک کا شکار ہیں۔
ایونٹ کے میزبان ملک پاکستان نے بھی بھارتی بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دوٹوک الفاظ میں اپنے موقف پر کھل کا وضاحت پیش کردی ہے اور چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت نے ایونٹ کے آغاز سے محض 100 روز قبل سکیورٹی کا بہانہ بنا کر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کردیا تھا تاہم پاکستان نے اس بار سخت موقف اپنایا اور ایونٹ کے ہائبرڈ ماڈل پر کروانے کی بھارتی شرط پر فیوژن ماڈل تجویز کیا کہ اگر انڈین ٹیم پاکستان نہیں آتی تو ہماری ٹیم بھی اگلے آئی سی سی ایونٹس کیلئے ہندوستان نہیں جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق اس فارمولے پر بھارتی بورڈ کشمکش کا شکار ہے کیونکہ پاک بھارت میچ سے حاصل ہونیوالا ریونیو بھی دوسرے ملک جائے گا یوں بھارتی بورڈ آئی سی سی پر دباؤ بڑھا کر کوشش کررہا ہے کہ ایونٹ کو پاکستان سے منتقل کر دیا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی سے اس فارمولے پر تاحال کوئی باضابطہ جواب نہیں ملا تاہم اب بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک اور پیشرفت سامنے آئی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جو ون ڈے فارمیٹ میں ہونی ہے وہ اب ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلی جا سکتی ہے۔
بھارت کی کرکٹ ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے حل میں تاخیر کی وجہ سے ایونٹ کو روایتی ون ڈے فارمیٹ سے تبدیل کر کے ٹی 20 فارمیٹ میں کرائے جانے کا امکان ہے۔
یہ ممکنہ تبدیلی ون ڈے کرکٹ کی گرتی ہوئی مقبولیت اور شائقین میں ٹی 20 میچز کی بڑھتی ہوئی پسندیدگی کے باعث کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب براڈکاسٹرز اور آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کو تبدیل کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا، اگلے برس چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے جس کا انعقاد فروری اور مارچ میں شیڈول ہے۔