(ویب ڈیسک) پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں 67ویں نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد ہوا۔ یہ ایونٹ 6 دسمبر سے 8 دسمبر 2024 تک جاری رہا، جس میں ملک بھر کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔
چیمپئن شپ میں آرمی، واپڈا، ریلویز کے علاوہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور دیگر اداروں کی ٹیمیں بھی ایکشن میں دکھائی دیں۔
مقابلوں میں آرمی ریسلنگ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 193 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ آرمی کے کھلاڑیوں نے 4 طلائی، 2 چاندی اور 4 کانسی کے تمغے جیتے۔
چیمپئن شپ کے دوران ریسلنگ کا اعلیٰ معیار دیکھنے کو ملا اور کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اپنے مقابلے پیش کیے۔ شائقین نے بھی ریسلنگ کے سنسنی خیز مقابلوں سے خوب لطف اٹھایا۔