(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ ٹیم کے ہائی پرفارمنس کوچ ٹم نیلسن کے ساتھ راہیں جدا کر لیں، ان کے معاہدے میں مزید توسیع نہیں کی گئی۔
پی سی بی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہیں کی۔
کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹم نیلسن نے کہا کہ میں توسیع کے حوالے سے انتظار کررہا تھا، ہم اچھے انداز سے آگے بڑھ رہے تھے، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے تیار تھے مگر پی سی بی نے بتایا ہے کہ آپ کی خدمات درکار نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ ٹم نیلسن کو ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اپنے ساتھ لائے تھے اور ان کی اگست میں ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ تقرری کی گئی تھی۔
یہ باتیں بھی زیر گردش ہیں کہ پی سی بی نے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو بھی اس حوالے سے نہیں بتایا کیونکہ پی سی بی کا اب گلیسپی پر بھی اعتماد نہیں رہا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق جیسن گلیسپی کا پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ مستقبل خدشات کا شکار ہے حالانکہ پی سی بی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے جیسن گلیسپی کا بطور ہیڈ کوچ کا اعلان کیا تھا۔