(لاہور نیوز) دسمبر اور جنوری میں آئی ایم ایف شرط کے مطابق 5 اہداف حاصل نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق جنوری تک ڈسکوز کی نجکاری اور مارچ تک 3 ماہ درآمدی بل کے برابر زرمبادلہ ذخائر کا ہدف ادھورا رہنے کا خدشہ ہے، دسمبر تک ریونیو ہدف، جنوری تک زرعی آمدن پر ٹیکس اور ایسٹ ڈیکلریشن ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا، آئی ایم ایف کو جنوری 2025 تک دو ڈسکوز کی نجکاری کیلئے یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوری 2025 تک 2 ڈسکوز کی نجکاری کا عمل مکمل نہیں کیا جا سکے گا، یکم جنوری 2025 سے زرعی آمدن پر ٹیکس عائد کرنے کی شرط بھی پوری نہ ہونے کا خدشہ ہے، چھوٹے کاشتکاروں پر فیڈرل پرسنل انکم ٹیکس کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں کمرشل کاشتکاروں پر فیڈرل کارپوریٹ انکم ٹیکس کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جانا ہے، اہداف پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف کیساتھ موجودہ قرض پروگرام چلانا مزید مشکل ہو گا، اہداف پورے نہ ہونے پر دوسری کے بعد تیسری قسط کیلئے مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔