(ویب ڈیسک) 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کیلئے 58 رنز کا ہدف دے دیا۔
بلاوائیو میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے برائن بینیٹ 21 اور تادیواناشے مارومانی 16 رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا، زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عباس آفریدی نے 2، ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی ٹیم میں آج کے میچ کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، دوسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستان ٹیم میں کپتان سلمان آغا، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، اتوار کو پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔