شہید پولیس کانسٹیبل مبشر کی نمازجنازہ ادا، ذمہ داروں کو سزا ملے گی: محسن نقوی
(لاہور نیوز) پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل مبشر بلال کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس اور عسکری افسران سمیت مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ ادا کرنےکے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل مبشر فرائض سرانجام دیتے ہوئےشہید ہوئے، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، گولی کا جواب گولی سے دینا بہت آسان تھا، احتجاج کی کال دینے والے شہادت کے ذمہ دار ہیں، اسلام آباد پولیس کے دو جوانوں کی حالت بھی تشویشناک ہے، پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائی گئیں، سب پرایف آئی آردرج کی جائیں گی۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے پولیس اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، پنجاب پولیس شہدا اور غازیوں کی امین ہے، پولیس اہلکارکی شہادت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، مظاہرے کے دوران 119 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس کی 22 سے زیادہ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔