بدقسمتی ! ملک میں جاگیردار، وڈیرے ہماری تقدیر کے فیصلے کرتے ہیں، امیر جماعت اسلامی
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں جاگیردار، وڈیرے ہماری تقدیر کے فیصلے کرتے ہیں۔
شہر قائد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کو مہنگائی، بےروزگاری کا سامنا ہے،دو کروڑ 62 لاکھ بچے سکول نہیں جا رہے ہیں، مڈل کلاس جماعت کا دعویٰ کرنے والی پارٹی کو فارم 47 کے ذریعے مسلط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں جاگیردار، وڈیرے ہماری تقدیر کے فیصلے کرتے ہیں، یہ آئی ایم ایف کا لکھا بجٹ پاس کرتےہیں، پاکستان کو اللہ نے بےشماروسائل سے نوازا ہے، چند لوگوں نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر امیر اور غریب کا حق ہے، سندھ حکومت کا صرف تعلیم کا بجٹ 481ارب روپے ہے، سندھ میں جعلی اساتذہ بھرتی اور گھوسٹ سکولز بنے ہوئے ہیں، ہم نوجوانوں کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں بجلی کا نظام فرسودہ ہے، سندھ حکومت نچلی سطح پراختیارات منتقل نہیں کرتی، نوجوان ہماری تحریک میں حصہ ڈالیں، جماعت اسلامی کا بنو قابل پروگرام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، ہم نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ا نہوں نے کہا کہ نوجوان مایوس نہ ہوں اب چند فیصد لوگ ہمارا استحصال نہیں کر سکیں گے، ظالموں نے پی آئی اے، سٹیل مل کو تباہ کر دیا جبکہ حکمرانوں پہلے یہ اداروں کو تباہ کرتے ہیں اور پھر خود ہی بولیاں لگاتے ہیں۔