(لاہور نیوز) خیبرپختونخوا میں لوئر کرم کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر حملہ کے دوران فائرنگ کے نتیجہ میں 38 افراد جاں بحق جبکہ گولیوں کی زد میں آکر متعدد زخمی ہو گئے۔
مسلح افراد نے پشاور سے پاراچنارجانے والے کانوائے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا ، مسافر گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ڈی پی او کرم کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے باعث متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے جس سے اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو رضا کار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا، جبکہ سکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع کرم کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔
محسن نقوی نے فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔