پی ٹی آئی احتجاج، چیف سیکرٹری کے پی کو سرکاری وسائل کا استعمال روکنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) وفاقی وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے دوران سرکاری وسائل کا استعمال روکنے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو خط وزارت داخلہ کے سیکشن افسر کی جانب سے لکھا گیا ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ یقینی بنایا جائے 24 نومبر کے احتجاج میں سرکاری مشینری استعمال نہ ہو، یقینی بنایا جائے احتجاج میں سرکاری ملازمین کی شمولیت یا پیسہ استعمال نہیں ہو گا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دی گئی ہے جسے فائنل کال کہا جارہا ہے، تحریک انصاف اسلام آباد میں احتجاج کی تیاریوں میں مصروف ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج روکنے کیلئے تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرین کو ٹف ٹائم دینے کیلئے حکومت نے بھی حکمت عملی بنانا شروع کر دی۔
ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع کی سکیورٹی رینجرز کے سپرد کئے جانے کا امکان ہے، صوبہ کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے رینجرز تعینات کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ احتجاج کو ناکام بنانے کیلئے موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کئے جانے کا امکان ہے، پنجاب حکومت رینجرز اور موبائل انٹرنیٹ کے لئے وفاق کو خط لکھے گی، حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کے اجلاس میں کیا جائے گا۔