(لاہور نیوز) ہواؤں کا رخ ایک بار پھر لاہور کی طرف ہو گیا، حکومت نے شہریوں سے احتیاط اور سموگ سے بچاؤ کی تدابیر پر عملدرآمد کی اپیل کر دی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپیل میں کہا ہے کہ دوپہر کے بعد مشرق سے مغرب کی طرف چلنے والی ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کی امید ہے، شہری ماسک لازمی پہنیں، حکومت پنجاب عوام کو ایک صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے، اجتماعی کاوشوں سے ہی ہر شہری کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا محکمہ تحفظ ماحول نے صبح کے اوقات میں تعلیمی اداروں میں چھاپے مار کر متعدد کو نوٹسز جاری کئے، لاہور کے اینٹری پوائنٹس پر HTV کا داخلہ سختی سے بند ہے، سکواڈز چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں،134 HTV کا داخلہ روکا گیا، سکواڈز لکھوڈیر، شاہدرہ، ملتان روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، گجومتہ، سگیاں اور بادامی باغ کے داخلی راستوں پر ناکے لگا کر ہیوی ٹریفک کے داخلے کو روکنے کے لئے رات بھر مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا سموگ رولز کی خلاف ورزی پر ڈی جی خان میں 2 ، لودھراں میں 2، جھنگ میں 3 اور ملتان میں 1 نان زگ زیگ بھٹوں کو گرا دیا گیا، لاہور میں 12 اور باقی اضلاع میں 10 صنعتی یونٹس سیل کر دیئے گئے، ای پی اے نے لاہور کے داخلی راستوں پر گردوغبار سے بچاؤ کیلئے 363 مٹی اور ریت کی ٹرالیوں کی انسپیکشن کی اور اپنی موجودگی میں SOPs پر عملدرآمد کروایا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ حکومتی اداروں سے تعاون کرکے سموگ کے خلاف اس جنگ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، ہم سب مل کر ہی ایک محفوظ اور صحت مند پنجاب کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔