(لاہور نیوز) سموگ کے تدارک کیلئے کریک ڈاؤن کے دوران 20 دنوں میں 24 کروڑ روپے کے جرمانے کئے گئے۔
لاہور سمیت صوبہ بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بغیر رعایت کے کارروائیاں جاری ہیں، رواں ماہ صرف 20 دنوں میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 24 کروڑ 86 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ 67 فیصد جرمانوں میں اضافہ ہوا، رواں ماہ 1 لاکھ 28 ہزار روپے سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کئے، دھواں چھوڑنے پر 127 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کئے گئے، 101 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی معطل کئے۔
ترجمان نے بتایا 151 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہیں، 25 ہزار 713 سے زائد گاڑیوں کو دھواں چھوڑنے پر بند کیا گیا، 33 ہزار سے زائد ریت مٹی سے لوڈڈ آن کورڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کو آلودگی کا باعث بننے پر بھاری جرمانے کئے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 2000 جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر پنجاب کو سموگ فری بنانے کیلئے ٹریفک پولیس اہم کردار ادا کر رہی ہے، صوبہ بھر میں سموگی وہیکلز کے خلاف ٹریفک پولیس کی ٹیمیں بہترین کام کر رہی ہیں، تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز متحرک ہو کر سموگ فری پنجاب کے لئے کام کریں، سموگ کے تدارک کیلئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس پنجاب نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف ریکارڈ کارروائیاں کیں ہیں، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائیوں کی ہدایت کر رکھی ہے۔