برطانوی ٹرانسپورٹ ٹیم کا پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا دورہ، تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق
(لاہورنیوز) برطانیہ کے محکمہ برائے ٹرانسپورٹ کی ٹیم نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا دورہ کیا، ہوا بازی کی سلامتی میں تعاون کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ہوابازی کی سلامتی اور ریگولیٹری طریقوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانا تھا،برطانوی ٹیم نے پی سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات بھی کی۔ملاقات میں ہوا بازی کی سلامتی کے اقدامات میں پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ لیا،ملاقات میں موجودہ سکیورٹی پروٹوکولز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اے ایس ایف، پی اے اے، ایئر لائنز، کیٹرنگ اور کارگو میں شامل ریگولیٹڈ ایجنٹس کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی سی اے اے نے ڈی ایف ٹی وفد کا خیرمقدم کیا، ہوابازی کی سلامتی میں برطانیہ کی طویل مدتی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہوابازی کی سلامتی کے حوالے سے بڑھتے ہوئے تعلقات کو اجاگر کرتا ہے، دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر فضائی سفر کی سلامتی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔