(لاہور نیوز) صوبوں کو بجٹ سرپلس کیلئے اہداف اور آئی ایم ایف کو بریفنگ کیلئے ورکنگ تیار کر لی گئی۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) وفد 5 روزہ مذاکرات کیلئے آج پاکستان پہنچے گا، کل سے مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔دستاویز کے مطابق پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران بجٹ سرپلس دیا، جولائی سے ستمبر کے دوران پنجاب حکومت کا خسارہ 160 ارب روپے رہا جبکہ جولائی سے ستمبر تک پنجاب حکومت کی آمدن 866 ارب اور اخراجات 1026 ارب روپے رہے جبکہ گزشتہ مالی سال پنجاب حکومت نے پہلی سہ ماہی میں 28 ارب روپے کا خسارہ کیا تھا۔
وزارت خزانہ کی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا نے وفاق کو 103 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا، خیبر پختونخوا کی آمدن 316 ارب اور اخراجات 212 ارب روپے رہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے ستمبر سندھ کی معاشی کارکردگی بھی بہتر رہی،رواں مالی سال جولائی سے ستمبر تک سندھ نے 131 ارب روپے کا سرپلس بجٹ وفاق کو دیا، جولائی تا ستمبر سندھ کی آمدن 568 اور اخراجات 437 ارب روپے رہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سندھ نے 19 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا تھا۔
وزارت خزانہ کی دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی سے ستمبر تک بلوچستان نے وفاق کو 85 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا،جولائی سے ستمبر تک بلوچستان کی آمدن 168 ارب روپے جبکہ اخراجات 83 ارب روپے رہے، گزشتہ مالی سال جولائی سے ستمبر تک بلوچستان نے 171 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا تھا۔