(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دیرینہ دشمنی پر باپ کو دو بیٹوں سمیت قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات صوبائی دارالحکومت کے علاقے سگیاں میں ہوئی جہاں 2 موٹرسائیکلوں پر آنے والے 4 ملزمان نے سگیاں راوی پل پر رکشے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں باپ اور دو بیٹے جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ میں سوار باپ اور بیٹوں سمیت پانچ افراد سیشن کورٹ میں پیشی کیلئے جارہے تھے، مقتولین کی شناخت صفدر، یاسر صفدر اور ناصر صفدر کے نام سے ہوئی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لے کر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔