(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حکومت صنعتوں کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ (این ای بی ڈی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کے موقع پر کہا کہ صوبوں کی جانب سے برآمدات پر عائد انفراسٹرکچر سیس سے بین الاقوامی سطح پر فروخت ہونے والی اشیاء کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے پاکستان کی عالمی مسابقت متاثر ہوتی ہے۔
اجلاس میں اہم سٹیک ہولڈرز بشمول فنانس ڈویژن، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی)، وزارت صنعت و پیداوار (ایم او آئی پی) اور تمام صوبوں کے نمائندوں کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ اس سیشن کی سفارشات وزیر اعظم شہباز شریف کو این ای بی ڈی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی، جہاں سٹریٹجک فیصلوں سے پاکستان کی برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران جام کمال خان نے برآمدی چیلنجوں سے نمٹنے اور برآمد کنندگان کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے میں وزارت تجارت کے علاوہ دیگر محکموں کی طرف سے سست پیش رفت پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا، انہوں نے پاکستان کے برآمدی شعبے کو پھلنے پھولنے میں مدد کے لئے وفاقی اور صوبائی سطحوں پر متحد ہو کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔