(لاہور نیوز) سپریم کورٹ نے کل سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی، عدالت عظمیٰ 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک 968 مقدمات کی سماعت کرے گی۔
سپریم کورٹ میں پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں8 مستقل بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے، چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے اپنی عدالت میں پورے ہفتے کے لیے 140 مقدمات سماعت کیلئے مقرر کر دیے۔
سپریم کورٹ کا بینچ نمبر ون چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل ہے، چیف جسٹس پاکستان کی عدالت میں پورے ہفتے کے 140 مقدمات سماعت کیلئے مقرر کیے گئے۔
دوسرا بینچ جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہے،دوسرے بینچ کے سامنے بھی 140 مقدمات سماعت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل تیسرے عدالتی بینچ کے سامنے بھی 140 مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شہزاد احمد خان پر مشتمل چوتھا بینچ پورے ہفتے 58 مقدمات کی سماعت کرے گا۔
جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل پانچواں عدالتی بینچ بھی آئندہ ہفتے 140 مقدمات سنے گا جبکہ جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل چھٹے عدالتی بینچ میں بھی 140 مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔
جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ساتواں بینچ بھی آئندہ عدالتی ہفتے میں 140 مقدمات سنے گا جبکہ جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں پر مشتمل آٹھویں بینچ کے سامنے 70 مقدمات سماعت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 27 اپریل کو سپریم کورٹ میں فیصلوں کے منتظر مقدمات کی تعداد 57 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔