وزیر خزانہ کی صدر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے ملاقات، پانڈا بانڈ کے اجراء پر گفتگو
(لاہورنیوز) وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لیکون سے ملاقات کی ہے۔
واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنکی کی جزوی کریڈٹ گارنٹی کے ساتھ پانڈا بانڈ کے اجراء کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے بنکڈ کی فراہم کردہ مدد کا اعتراف کیا اور 2022 کے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے بنکی کی فراہم کردہ امداد کو سراہا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا کے عمل میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنکر کی بطور اینکر شمولیت سے مارکیٹ میں بہت اچھا تاثر جائے گا۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے اپنے گزشتہ دورہ چین اور پیپلز بینک آف چائنا کی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کا ذکر کیا اور فنانسنگ بیس کو متنوع بنانے کے حوالے سے حکومت پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ نے اس حوالے سے ایک نو ڈِیل روڈ شو اور بعد ازاں ڈیل روڈ شو کے اہتمام کے آپشن پر بھی تبادلہ خیال کیا،سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان میں اے آئی آئی بی کے منصوبوں کے پورٹ فولیو کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملک میں جاری منصوبوں کے لیےاے آئی آئی بی کی جانب سے مالی وسائل کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوششوں کی قابل اطمینان قرار دیا۔
محمد اورنگزیب نے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے این 5 (جی ٹی روڈ) کی تعمیر نو کے منصوبے میں اے آئی آئی بی کو سرمایہ کاری کی دعوت دی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کے لیے قرض پروگرام کے معاملہ میں مدد کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سینیٹر اورنگزیب نے بنکی کے نائب صدر (آپریشنز) کے آئندہ دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا، نائب صدر کے دورہ پاکستان کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ جاری منصوبوں کا جائزہ اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر غور وخوض ہو گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنکگ کے صدر جن لیکون کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جن لیکون نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے بعد میں باہمی طور پر طے کردہ مناسب تاریخوں پر پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی۔