(لاہورنیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں چین کے نائب وزیر خزانہ سے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ دوستی کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، وزیر خزانہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان چینی معاشی اصلاحات سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہے، وزیر خزانہ نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے بی وائی ڈی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
محمد اورنگزیب نے نے چینی کارکنوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا اور چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے کرنسی سویپ معاہدے کی حد بڑھا کر 40 ارب یوآن کرنے کی درخواست کی، ملاقات میں پاکستان اور چین کے ادائیگیوں کے نظام کو مربوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔