واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں: اے ڈی بی پالیسی بیسڈ لون کی منظوری پر غور کریگا: وزیر خزانہ
(لاہورنیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا واشنگٹن میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت پر اے ڈی بی کی شراکت کو سراہا۔وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے نئے دفتر کے آغاز کا بھی خیرمقدم کیا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اے ڈی بی کا کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔
محمد اورنگزیب نے کیپیٹل ایڈووکیسی فریم ورک کی تکمیل پر تعریف کرتے ہوئے قدرتی آفات کے تحفظ کے پروگرام کیلئے 50 کروڑ ڈالر پالیسی بیسڈ لون کی منظوری پر بھی اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بورڈ 29 اکتوبر کو پالیسی بیسڈ لون کی منظوری پر غور کرے گا۔
ورلڈ بینک اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کی سائیڈ لائنز پر وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی معاون وزیر برائے توانائی وسائل سے بھی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے توانائی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔