اقوامِ متحدہ فلسطینیوں و کشمیریوں کو حق دلانے میں کردار ادا کرے: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے اقوامِ متحدہ امن، انسانی حقوق اور ترقی کے لئے امید کی کرن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ سے منسوب دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ سے منسوب دن یکجہتی، امن اور تعاون کی اہمیت کا اعادہ کرتا ہے، اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں غربت، جہالت اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کے بنیادی مقاصد سے گہری وابستگی رکھتا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا ذمہ دار اور سرگرم رکن کی حیثیت سے پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کی ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر عالمی امن اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کو مستحکم کریں گے۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔