(لاہور نیوز) 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے کیمپ میں ہلچل مچ گئی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے 12 ممبران کے غائب ہونے کا دعویٰ کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کے 12 ارکان کا پارٹی سے رابطہ منقطع ہو گیا، جن ارکان سے رابطہ نہیں ہو رہا ان میں 2 سینیٹرز اور 10 ایم این ایز شامل ہیں، تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کی جانب سے اراکین کے ساتھ رابطے نہ ہونے کی اطلاعات دی جا رہی ہی جبکہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے 7 ارکان سے رابطہ نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی 2 سینیٹرز سے رابطہ نہ ہونے کا بتا دیا ہے، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ زین قریشی، ظہور قریشی، اسلم گھمن سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے، عثمان علی، ریاض فتیانہ، مقداد حسین، چودھری الیاس، اورنگزیب کھچی اور مبارک زیب خان سے بھی رابطہ نہیں ہو رہا ہے، رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی سے بھی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دھچکا لگا ہے، ان کے 2 سینیٹرز نے ساتھ چھوڑ دیا، بیرسٹر گوہر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر فیصل سلیم اور زرقا تیمور شاہد حکومت کو پیارے ہو گئے ہیں اور شاید دونوں ہمارے ووٹ ڈالیں گے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، لوگوں کو ایسے اٹھانا ہے تو یہ جمہوریت نہیں ہے۔