(ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سابق کپتان بابراعظم پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنا دیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک پیغام میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ اس سوچ کو ختم کرو کہ بابر ٹیم میں نہیں تھا یا وہ کھلاڑی نہیں تھا تو ٹیم جیت گئی۔
انہوں نے لکھا کہ ہم بہتر حکمت عملی کے ساتھ کھیلے اور ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھایا اس لیے جیت گئے، برائے مہربانی اپنے کھلاڑیوں کی ذاتیات پر نہ اتریں، ہاں ان پر کھیل کی کارکردگی پر اعتراض کریں مگر پرسنل نہ ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ملتان ٹیسٹ میچ میں بابراعظم سمیت نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ایک اننگز اور 47 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 152 رنز سے فتح سمیٹے ہوئے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔