کالج کی طالبہ سے زیادتی کا کوئی ثبوت نہیں ملا: خصوصی کمیٹی کی وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ
(لاہور نیوز) لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے زیادتی کے معاملے پر بنائی گئی خصوصی کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کر دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رپورٹ کے مطابق کالج میں لڑکی سے زیادتی کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی مبینہ زیادتی کا کوئی عینی شاہد ملا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے 28 کے قریب طلبا اور طالبات کے انٹرویوز کئے جس میں طلبا اور طالبات نے بیان میں ادھر ادھر سے سننا بتایا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی یو میں رہنے والی لڑکی سے بھی تفصیلی بات کی گئی، 2 اکتوبر کو زخمی ہونے والی لڑکی کو گھر میں گرنے سے چوٹ آئی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ہنگامہ آرائی اور افواہ پھیلانے والوں کے ٹرائل خصوصی عدالت میں کرنے کی سفارش کی ہے اور سائبر کرائم کا جانچ پڑتال کا ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعےکی تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کی تھی جس نے 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ دینی تھی۔
اس واقعے کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے سبب تعلیمی ادارے بند اور امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔