(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سنگاپور میں عالمی کراٹے کامبیٹ چیمپئن شپ جیتنے پر شاہ زیب رند کو 10 کروڑ روپے کا چیک دیا ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں شاہ زیب سےملاقات کی اور انہیں سنگاپور میں عالمی کراٹے کامبیٹ چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی۔
صدر مملکت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شاہ زیب رند کو ان کی شاندار کامیابی پر 10 کروڑ روپے کا چیک دیا۔
صدر مملکت نے سنگاپور میں کراٹے کے کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے پر شاہ زیب رند کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے جنہیں مواقع دینے کی ضرورت ہے، کھیلوں کے شعبے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔
یادر رہے گزشتہ ماہ مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر نے اس وقت تاریخ رقم کی جب انہوں نے سنگاپور میں کراٹے کمبیٹ چیمپئن شپ (کے سی-49) جیت کر پاکستان کی طرف سے پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنے۔