(ویب ڈیسک)ہنی ٹریپ کیس میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان کے وکیل کو تیاری کے لیے مہلت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس کی ملزمہ آمنہ عروج اور یاسر علی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی، خلیل الرحمان قمر بذات خود عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت ملزمہ کے وکیل نے موقف دیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے آمنہ عروج اور یاسر علی کی ضمانت بعد از گرفتاری خارج کر دی،ملزمہ کو خلیل الرحمان قمر کی جانب سے ناجائز ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے بلیک میل کیا گیا۔موقف دیا گیا کہ آمنہ عروج کے انکار پر مقامی پولیس نے خلیل الرحمان کی ملی بھگت سے ملزمہ کو کیس میں نامزد کیا،ایف آئی آر چار دنوں کی تاخیر کے بعد درج ہوئی جس سے پراسیکیوشن کا کیس بری طرح متاثر ہوتا ہے۔
ملزمہ کے وکیل نے موقف دیا کہ خلیل الرحمان قمر اور پولیس نے آمنہ عروج کو غیر قانونی حراست میں رکھا، آمنہ عروج کی والدہ کی جانب سے 15 پر کال پر ملزمہ کو ماڈل ٹاؤن پولیس کے حوالے کیا گیا۔موقف دیا گیا کہ آمنہ عروج کے خلاف کوئی بھی ثبوت سامنے نہیں آیا۔
ملزمہ کے وکیل کی جانب سے عدالت استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت منظور کرے۔عدالت نے خلیل الرحمان قمر کے وکیل کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔