(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق نے کھیل کے پہلے روز کھیل کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز شاندار بیٹنگ کی بدولت اچھا آغاز ملا، سیریز کا پہلا میچ بہت اہم ہے۔
عبداللہ شفیق نے کہا ہمارے بیٹنگ یونٹ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز اچھا کھیل پیش کیا، کپتان شان مسعود کی بیٹنگ سے پوری ٹیم کو بوسٹ ملا ہے، میں بیٹنگ کے دوران شان مسعود کو دیکھ رہا تھا، شان مسعود کی حوصلہ افزائی سے سنچری بنانے میں کامیاب ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لگ رہا ہے میچ میں سپنرز کو فائدہ ہوگا، گرم موسم میں کھیلنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عبداللہ شفیق نے کہا کہ موسم کھیل پر کافی اثر انداز ہوتا ہے، سپورٹس مین کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کھلاڑی کو ذہنی طور پر مضبوط ہونا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کے کھیل میں کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے چار وکٹوں پر 328 رنزبنا لئے ہیں۔