(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی 24 گھنٹے بعد ڈرامائی واپسی پر کہنا ہے کہ حکومتی موقف سچ اور علی امین گنڈاپور کے اغوا کا جھوٹ سامنے آگیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کا گنڈاپور کی واپسی کے بعد جاری ایک بیان میں کہنا تھا کہ بنیادی سوال ہے کہ علی امین گنڈا پور پچھلے 24 گھنٹے کہاں تھے، بتانا ہو گا کہ علی امین گنڈا پور نے یہ ڈرامہ کیوں رچایا؟ علی امین گنڈاپور ایک غیرذمہ دار شخص ہیں، وہ اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے، ریسٹ ہاؤس میں پناہ لی اور پھر فرار ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ان سے لوگ اکٹھےنہیں ہوئے، حکومت کا موقف سچ ثابت ہوا، تحریک انتشار کا مکروہ چہرہ قوم نے دیکھ لیا، انہوں نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا، کبھی حکومت،کبھی فوج پراغوا کا الزام لگایا گیا، کھودا پہاڑنکلا چوہا۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے پاکستان کا امن وامان تباہ کرنے کی کوشش کی، باقاعدہ مہم چلائی گئی کہ علی امین کو اغوا کیا گیا، ان کا جھوٹ سب کے سامنے آ گیا ہے، ان کےمنصوبے ناکام ہوئے، یہ لوگ آئندہ بھی بےنقاب ہوں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ان کے خلاف تمام ثبوت ریکارڈ پر موجود ہیں، عمر ایوب، شاندانہ گلزار، بیرسٹر سیف اور دیگر کے بیانات کی قلعی کھل گئی ہے، تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا لیہ راجعون۔